ہماری افواج ہر قسم کے خطرے اور سازش کے خلاف ہمہ دم تیار ہیں ، پاکستان اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

128
ispr
ispr

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):پا ک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہماری افواج ہر قسم کے خطرے اور سازش کے خلاف ہمہ دم تیار ہیں ، پاکستان اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،دہشتگردوں کیخلاف تو افواج پاکستان لڑ سکتی ہیں مگر دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کا تعاون ضروری ہے، سوشل میڈیا اور پروپیگنڈا کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے ، سوشل میڈیا کی خبروں کی تحقیق بہت ضروری ہے ، تحقیق اور مثبت سوچ کے بغیر معاشرہ افراتفری کا شکار رہتا ہے ۔ وہ بدھ کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ”پاکستان نیشنل یوتھ کانفرنس“ سے خطاب کررہے تھے ۔

آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا کہ ہمارے ملک کے نوجوان اس قوم و ملک کی روشن روایات، اقبال اور قائد کے خوابوں کی تعبیر کے امین ہیں، پاکستان کے مستقبل کے معماروں اور اقبال کے شاہینوں سے مخاطب ہو کر انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہوں، پاکستان کو بنانے کا مقصد یہ تھا کہ ہمارا مذہب، تہذیب و تمدن ہر لحاظ سے ہندوؤں سے مختلف ہے نہ کے ہم مغربی تہذیب و تمدن کو اپنا لیں، نوجوانوں کو اپنے وطن، قوم، ثقافت و تہذیب و تمدن اور اپنے آپ پر بے پناہ اعتماد ہونا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو اس بات کا یقین ہونا چاہئے کہ وہ ایک عظیم وطن اور قوم کے سپوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور پروپیگنڈا کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے ، تحقیق اور مثبت سوچ کے بغیر معاشرہ افراتفری کا شکار رہتا ہے ۔ انہوں نے قرآن مجید کا حوالہ دیتے کہا کہ اللہ تعالی قرآن مجید میں فرماتے ہیں کہ؛”اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو اُس کی تصدیق کرلو“۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے قیام کی ریاست طیبہ سے مماثلت ہے دونوں کلمے کی بنیاد پر قائم ہوئی ،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ معدنی وسائل، زراعت اور نوجوان افرادی قوت جیسی نعمتوں سے نوازا ہے،مسلمان مشکل میں صبر اور آسانی میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ
پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین اور اسلاف کی میراث کو قائم رکھنا ہے ۔ طلباء نے خطاب کے دوران پاکستان آرمی زندہ باد ، پاکستان زندہ باد اور قائد اعظم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔