اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت نے پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری پوری کی ہے، انتخابات کے نتائج اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ الیکشن شفاف ہوئے ہیں، انتخابات کے روز شہریوں، پولنگ عملہ اور پولنگ اسٹیشنوں کو درپیش خطرات کی وجہ سے موبائل سروس بند کی گئی جس کی وضاحت وزارت داخلہ کر چکی ہے، ہمارے لئے شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا زیادہ اہم تھا۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو ”جی ٹی وی“ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات کے روز موبائل سروس کی معطلی سے متعلق وزارت داخلہ وضاحت کر چکی ہے، ہمارے لئے شہریوں کی زندگی زیادہ اہم تھی، شہریوں، پولنگ اسٹاف، پولنگ اسٹیشنوں کو خطرات لاحق تھے، شہریوں کی نقل و حمل کو محفوظ بنانا ہمارے لئے ضروری تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کے عمل اور الیکشن کی تاریخ پر ہمیشہ تنازعات رہے ہیں، 2018ءاور 2013ءکے انتخابات پر بھی تنازعات تھے۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد میں ہر ممکن سہولت فراہم کی، ہم نے پرامن شفاف انتخابات کرانے کی ذمہ داری پوری کی ہے۔ انتخابات کے نتائج اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ انتخابات شفاف ہوئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین اور قانون کے تحت انتقال اقتدار کا طریقہ کار موجود ہے، انتخابات کے سرکاری نتائج متعلقہ اسمبلیوں تک پہنچیں گے تو موجودہ سپیکرز اسمبلیوں کا اجلاس بلائیں گے، وزیراعظم اور وزراءاعلیٰ جب حلف اٹھائیں گے تو نگران حکومتیں تحلیل ہو جائیں گی۔