بینکوں کے ڈیپازٹس، قلیل المدت قرضوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ

100
بینکوں کے ڈیپازٹس، قلیل المدت قرضوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):بینکوں کے ڈیپازٹس، قلیل المدت قرضوں اور سرمایہ کاری میں فروری کے دوران سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فروری 2024ء میں بینکوں کے مجموعی ڈیپازٹس کا حجم 27 ہزار 886 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 21.7 فیصد زیادہ ہے۔

گذشتہ سال فروری میں بینکوں کے ڈیپازٹس کا حجم 22 ہزار 921 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جنوری کے مقابلہ میں فروری میں بینکوں کے ڈیپازٹس میں ماہانہ بنیادوں پر 1.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔ جنوری میں بینکوں کے ڈیپازٹس کا حجم 27 ہزار 541 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو فروری میں بڑھ کر 27 ہزار 886 ارب روپے ہو گیا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق فروری میں بینکوں کے مختصر مدت کے قرضوں کا حجم 12062 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 2.9 فیصد زیادہ ہے۔ گذشتہ سال فروری میں بینکوں کے قلیل المدت قرضوں کا حجم 11 ہزار 723 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جنوری کے مقابلہ میں فروری میں بینکوں کے قلیل المدت قرضوں میں 0.3 فیصد کی کمی ہوئی۔

جنوری میں بینکوں کے قلیل المدت قرضوں کا حجم 12095 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو فروری میں کم ہو کر 12062 ارب روپے ہو گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق اسی طرح بینکوں کی سرمایہ کاری (سٹاک) میں فروری کے دوران سالانہ بنیادوں پر 34 فیصد کی نمو ہوئی۔

فروری میں بینکوں کی سرمایہ کاری کا حجم 25 ہزار 449 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال فروری میں 18 ہزار 993 ارب روپے تھا۔ جنوری کے مقابلہ میں فروری میں بینکوں کی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیادوں پر 0.6 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔