اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):زیرگردش کرنسی کے حجم میں ہفتہ وار بنیاد پر ایک فیصد کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق یکم مارچ 2024 کو زیر گردش کرنسی کا حجم 8410 ارب روپے ریکارڈکیا گیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں ایک فیصد کم ہے،
پیوستہ ہفتے میں زیر گردش کرنسی کاحجم 8498 ارب روپے ریکارڈکیا گیا تھا۔ یکم مارچ کو زر وسیع (ایم ٹو) کاحجم 32715 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں1.5فیصد زیادہ ہے، پیوستہ ہفتے میں زروسیع کا حجم 32220ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
بینکوں کے پاس مجموعی ڈیپازٹس کا حجم 24188 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 2.5فیصد زیادہ ہے، پیوستہ ہفتے میں بینکوں کے پاس ڈیپازٹس کا حجم 23607ارب روپے ریکارڈکیاگیا تھا۔ جاری مالی سال کے آغاز سے اب تک بینکوں کے ڈیپازٹس میں مجموعی طورپر 8.7 فیصد نمو ریکارڈکی گئی ہے ۔ 30 جون 2023 کو بینکوں کے پاس ڈیپازٹس کا حجم 22262 ارب روپے تھا۔