لاہور۔13مارچ (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اچانک پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچ گئیں۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے پی آئی سی ایمر جنسی بلاک میں فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا اوراستقبالیہ کاونٹر پر صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ مریض کی طرف سے ادویات نہ ملنے کی شکایت پر وزیراعلی نے جلد گھروں تک میڈیسن سروس شروع کرنے کے بارے میں بتایا۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے ایمرجنسی بلاک میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اور جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔وزیراعلی نے خواتین وارڈ میں سب سے ہاتھ ملایا اور تیمارداروں کی خواہش پر تصاویر بھی بنوائیں۔ مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے علاج کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔وارڈ میں زیر علاج پشاور کی واجدہ گل وزیراعلی سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔
واجدہ گل نے بتایا کہ دل کا علاج کرانے پشاور سے بچوں کو چھوڑ کر آنا پڑا۔یہاں لاہور میں علاج کی سہولتیں اچھی ہیں۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے ہسپتال حکام کو واجدہ گل کے علاج کے لئے بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے ایک بزرگ مریضہ سے دریافت کیا کہ کدوں دے ایتھے آئے او۔ہفتہ ہو گیا ہے،بزرگ مریضہ نے وزیراعلی کا ہاتھ پکڑ لیا اور دعائیں دیں۔
بزرگ مریضہ نے کہا کہ ساڈا لیڈر نواز شریف اے،میرا سلام کہنا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے جواب دیا کہ نواز شریف کے کہنے پر آپ کا حال پوچھنے آئی ہوں۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے ایمرجنسی کاونٹر پر نرسز کا مسئلہ سنا اور وزیر صحت کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے بیڈز پر گندی بیڈ شیٹ دیکھ کر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق،خواجہ عمران نذیر،چیف سیکرٹری،سیکرٹری صحت اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔