جرمنی انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری لائے، یورپی کونسل

117
Council of Europe
Council of Europe

پیرس۔20مارچ (اے پی پی):یورپی کونسل نے کہا ہے کہ جرمنی کو غربت، رہائش اور معذور افراد کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق گزشتہ روز فرانس کے شہر سٹراس برگ میں یورپی کونسل کی طرف سے شائع کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق جرمنی میں غربت اور سماجی پسماندگی کی بلند سطح ملکی دولت کے مقابلے میں غیر متناسب ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ جرمنی نے قابل رسائی سماجی نظام کی طرف خوش آئند قدم اٹھائے ہیں لیکن بڑھتی ہوئی عدم مساوات سے نمٹنے کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جرمنی میں سماجی حقوق کو ہمیشہ ایک قانونی ذمہ داری کے طور پر نہیں دیکھا جاتا بلکہ ان تک رسائی وسائل پر منحصر ہوتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ غربت خاص طور پر بچوں، بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے ایک بڑا مسئلہ ہے۔ غربت کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بچوں کے حقوق کو بھی ایک مرکزی اتھارٹی کے ذریعے مضبوط اور مربوط کرنے کی ضرورت ہےبصورت دیگر سیاسی فیصلوں میں بچوں اور نوجوانوں کی ضروریات کو نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔ اس کی مثالیں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران دیکھنے میں آئی تھیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ جرمنی میں امتیازی سلوک کو محدود کرنے کے لیے ملکی مساوی سلوک کے قانون کو بھی نمایاں طور پر بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ کے مطابق بڑھتی ہوئی نسل پرستی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے جو سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے اور جمہوری اداروں کو غیر مستحکم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ یورپی کونسل 1949 میں یورپ میں جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کے لیے قائم کی گئی تھی۔ یہ یورپی یونین کے اثر سے آزاد ہے۔ یہ کونسل 46 یورپی ریاستوں پر مشتمل ہے۔ کونسل کے ماہرین نے گزشتہ سال نومبر میں جرمنی کا دورہ کیا تھا۔