اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):کرغزستان کے اعزازی قونصل مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پیشکش کی ہے کہ وہ کرغزستان کے تعلیمی شعبے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اور جدید سائنسی خطوط پر استوار کر نے کیلئے اپنی مہارت اور تجربے کا اشتراک کر سکتا ہے۔ اتوار کو کرغزستان کے قونصل خانے میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ان کی چیئرپرسن پی ایچ ای سی ڈاکٹر شاہد منیر تمغہ امتیاز کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے جنہوں نے کرغزستان کو خدمات، مہارتوں اور تکنیکی معاونت کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے تاکہ ان کے موجودہ تعلیمی نظام خصوصا ٹیکنیکل اور اعلی تعلیم کے شعبے میں بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے کرغزستان کے ساتھ اشتراک تعلیمی شعبے میں عالمی تعاون و ترقی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراکت داری مختلف پہلوں پر محیط ہے جس کا مقصد تعلیم کے شعبے کا معیار کو بین الاقوامی سٹینڈرڈ پر لانا ہے۔ پنجاب ایچ ای سی نصاب کی تیاری میں اپنی مہارت کا اشتراک کر سکتا ہے تاکہ تعلیمی مواد کو عصری سائنسی اصولوں اور عالمی معیار کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے علاوہ نصاب کی اس طرح سے ڈیزائننگ کی جا سکے کہ وہ نہ صرف بنیادی مضامین بلکہ تنقیدی سوچ، مسائل کے حل اور اس کے عملی اطلاق کا بھی احاطہ کرتا ہو۔
مہر کاشف یونس نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد منیر سمجھتے ہیں کہ پی ایچ ای سی کرغزستان کے اساتذہ کے لیے تربیت اور کپیسٹی بلڈنگ کے پروگرام فراہم کر سکتا ہے تاکہ انہیں اعلی معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے ضروری تدریسی مہارتوں اور طریقہ کار سے آراستہ کیا جا سکے۔ اس میں ورکشاپس، سیمینارز اور اساتذہ کے تبادلے کے پروگرام شامل کیے جا سکتے ہیں تاکہ پیشہ ورانہ تعلیم اور مہارتوں کے اشتراک کو فروغ دیا جاسکے۔ پی ایچ ای سی ریسرچ پارٹنر شپ اور معلومات کے تبادلے میں سہولت فراہم کر سکتا ہے جس سے دونوں ممالک کے اسکالرز اور طلبہ مستفید ہو سکتے ہیں اور سائنسی علم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔