نوجوانوں کو کاروبار کی شروعات کیلئے بہتر مواقع کی فراہمی آئی سی سی آئی کی ترجیح ہے،احسن بختاوری

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے نوجوانوں کی صنعتکاری، معاش کی بہتری، معیشت کو وسعت دینے اور ملازمتوں کے فروغ کے لئے آئی سی سی آئی اور کامن ویلتھ سیکرٹریٹ کے درمیان مضبوط شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا ہے، نوجوانوں کو انٹرپرینیور شپ کی طرف راغب کرنے، کاروباری جذبے کی حوصلہ افزائی اور چیلنجز سے نمٹنے کے …

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے نوجوانوں کی صنعتکاری، معاش کی بہتری، معیشت کو وسعت دینے اور ملازمتوں کے فروغ کے لئے آئی سی سی آئی اور کامن ویلتھ سیکرٹریٹ کے درمیان مضبوط شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا ہے،

نوجوانوں کو انٹرپرینیور شپ کی طرف راغب کرنے، کاروباری جذبے کی حوصلہ افزائی اور چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہے تاکہ وہ کامیاب تاجر بن کر ابھر سکیں۔انہوں نے یہ بات ایڈوائزر یوتھ ڈویلپمنٹ کامن ویلتھ سیکرٹریٹ سشیل رام سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے یہاں چیمبر ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے مشترکہ کوششوں کو تقویت دینے اور ٹارگٹڈ پالیسیوں اور پروگراموں کو لاگو کرکے کلیدی سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ ہم ایک متحرک اور فروغ پذیر ماحولیاتی نظام کو فروغ دے سکتے ہیں جو ملک کے نوجوانوں کو ان کی کاروباری خواہشات کی تکمیل کے لئے بااختیار بناسکتے ہیں۔ایڈوائزر یوتھ ڈویلپمنٹ کامن ویلتھ سیکرٹریٹ سشیل رام نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جس میں آگے بڑھنے کی تمام مطلوبہ صلاحیتیں موجود ہیں، تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر نوجوانوں کو ایسے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے جہاں وہ کاروباری صلاحیت اور سب کے لئے ایک روشن اور زیادہ خوشحال مستقبل کی تعمیر میں حصہ ڈال سکیں۔انہوں نے آئی سی سی آئی کے ساتھ کامن ویلتھ سیکرٹریٹ کے مکمل تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کو شامل کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ صلاحیت سازی کے ورکشاپس کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے شرکا کو کامن ویلتھ سیکرٹریٹ کے کام کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ اور آئی سی سی آئی کے سابق صدر ظفر بختاوری نے کہا کہ آئی سی سی آئی میں ایک جدید ترین آڈیٹوریم ہے اور آئی سی سی آئی اور کامن ویلتھ سیکرٹریٹ دونوں نوجوان کاروباریوں کے فائدے کے لئے ضروری سیمینار، کانفرنس اور ورکشاپس کا انعقاد کر سکتے ہیں۔

نعیمہ انصاری نے ملک کی معاشی ترقی میں خواتین کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خواتین کاروباریوں کے درمیان صحت مند رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔ایگزیکٹو ممبر امیر حمزہ اور ممبر آئی سی سی آئی ملک ندیم اختر نے بھی اس موضوع پر اہم تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر میسرز فیضان شہزاد، خالد چوہدری، چوہدری محمد علی، فصیح اللہ خان، عباس ہاشمر بھی موجود تھے۔