مظفرآباد ۔29مئی (اے پی پی):آزاد جموں وکشمیر کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ہماری منزل پاکستان ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی امیدوں کا مرکز و محور ہے۔راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مودی سرکار پاکستان کے اندر بے جا بیان بازی سے گریز کرے۔ پاکستان اپنے اندرونی و بیرونی معاملات کو صحیح سمت پر لے کر جا رہا ہے۔ پاکستانی معیشت …
پاکستان کشمیری عوام کی امیدوں کا مرکز و محور ہے،راجہ فیصل ممتاز راٹھور

مزید خبریں
مظفرآباد ۔29مئی (اے پی پی):آزاد جموں وکشمیر کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ہماری منزل پاکستان ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی امیدوں کا مرکز و محور ہے۔راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مودی سرکار پاکستان کے اندر بے جا بیان بازی سے گریز کرے۔ پاکستان اپنے اندرونی و بیرونی معاملات کو صحیح سمت پر لے کر جا رہا ہے۔ پاکستانی معیشت مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ ملک ترقی کی جانب گامزن ہے۔ عوام خوشحال ہو رہے ہیں اور مہنگائی کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔ آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ عوام کو دیے جانے والا ریلیف ہر شخص محسوس کرے گا۔
عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں نصف سے زیادہ کمی کر رہے ہیں۔ ریاست کی بہتری اور خوشحالی سمیت عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر وہ اقدام اٹھایا جا رہا ہے جس سے لوگ مستفید ہو سکیں۔ ریاست آزاد جموں و کشمیر میں آٹا اور بجلی کے نرخ ناموں میں واضح کمی کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ دیگر معاملات پر مذاکرات کا عمل شروع ہو چکا ہے جس کا جلد ریاست کو ثمر ملے گا۔ ریاست میں افرا تفری کے بجائے پرامن ماحول کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ ریاستی عوام کی ترقی اور خوشحالی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پسے ہوئے طبقات سمیت بیوہ یتیم معذور معمر افراد کی کفالت کا بیڑا اٹھاتے ہوئے نو ارب روپے مختص کر دیے ہیں۔ ریاستی نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے محکمہ ٹیوٹا کے زیر اہتمام یوتھ کو ہنر مند بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے لیے تین ارب روپے کی خطیر رقم بھی مختص کی جا چکی ہے۔ اس خطیر رقم سے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے بعد بلا سود قرضے دیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے خاندانوں کی کفالت کر سکیں اور ریاست کے لیے باعث تقویت بنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ریاست کے اندر رابطہ و دیہی راستوں کی تعمیر کا کام بھی شروع کر رہے ہیں جس کے لیے بلدیاتی نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔ حکومت ممبران اسمبلی اور بلدیاتی اداروں کے نمائندگان کو برابری کی بنیاد پر فنڈز مہیا کرے گی۔








