لاہور ہائیکورٹ کا تلور کے شکار کیخلاف دائر درخواست پر متعلقہ حکام کو پالیسی بنانے کا حکم

94

لاہور۔4جون (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے تلور کے شکار کیخلاف دائر درخواست پر متعلقہ حکام کو پالیسی بنانے کا حکم دیتے ہوئے اسے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے کیس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت عدالت نے سرکاری وکیل سے کہا کہ ہم سب کا مقصد تلور کے شکار کو روکنا ہے، آپ بھی پالیسی کو اسی انداز میں بنائیں، چیئرمین تلور کمیشن ڈاکٹر پرویز حسن نے محکمہ وائلڈ لائف کی بنائی گئی پالیسی سے اختلاف کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ یہ پالیسی تلور کے شکار کو سپورٹ کرنے کیلئے بنائی گئی ہے، عدالتی حکم پر تلور کے شکار سے متعلق سفارشات بنا کر دیں،

محکمہ وائلڈ لائف نے محنت سے بنائی گئی سفارشات کو نظر انداز کیا، درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عدالتی حکم پر تلور کے شکار کے معاملے پر کمیشن تشکیل دیا گیا، کمیشن میں انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے ممبرز بھی شامل ہیں، کمیشن کی مشاورت سے تلور کے شکار بارے پالیسی بنائی جانی تھی، محکمہ وائلڈ لائف تلور کے شکار کیلئے خلاف قانون اجازت دیتا ہے، تلور کی نسل نایاب ہوتی جارہی ہے، عدالت تلور کے غیر قانونی شکار کو روکنے کا حکم دے ،عدالت تلور کے شکار کے حوالے سے پالیسی بنانے کا حکم دے ۔