ریسکیو 1122کے زیر انتظام بی آر بی نہر میں ساہوالہ کے قریب مشقوں کا انعقاد

86
Rescue 1122

سیالکوٹ ۔ 05 جون (اے پی پی):مون سون کے دوران ممکنہ سیلاب کی صورت میں ریسکیو و ریلیف کیلئے تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ریسکیو 1122کے زیر انتظام بی آر بی نہر میں ساہوالہ کے قریب مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مظفر مختار اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ تحصیلدار سمبڑیال سرفراز چیمہ، سول ڈیفنس، واسا، میونسپل کارپوریشن، محکمہ ہیلتھ، محکمہ انہار، محکمہ لائیو اسٹاک، سوشل ویلفیئر کے افسران، این جی او روزویلفیئر سے اشفاق نظر، سوشل ورکرز مرزا عبدالشکور، میاں اعجاز انجم اور سرفراز نواز، ینگ بلڈ آرگینائزیشن ڈسکہ کے رضا کاروں نے مشقوں میں حصہ لیا جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نوید گل نے شرکاء کو بریفنگ دی۔

ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین کی زیر نگرانی ساہووالا کے مقام پر مشقوں میں حصہ لینے والی ٹیموں نے سیلاب میں پھنسے شہریوں کو ریسکیو کرنے کا عملی مظاہرہ کیا اور اس حوالے سے ریسکیو آلات کی کارکردگی بھی چیک کی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مظفر مختار نے مشقوں میں حصہ لینے والے افسران و جوانوں کی تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اینڈ ریلیف سے متعلق تمام محکمے کسی بھی ناگہانی صورتحال میں اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لئے تیار ہیں۔