لاہور۔ 01 جولائی (اے پی پی):ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدرڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ زرعی اجناس پیداکرکے غذائی خود کفالت کے اہداف کے حصول سمیت اضافی غذائی اجناس بیرون ممالک برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کیاجاسکتا ہے تاہم اس کیلئے بینکوں کو کاٹیج انڈسٹری اور دیہی صنعت کے فروغ کیلئے بھی قرضے جاری کرنے چاہئیں تاکہ غربت کے خاتمہ سمیت روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیداہوسکیں۔
ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ ایگرو بیسڈ مائیکروانڈسٹری اور سمال انڈسٹری کے علاوہ زرعی ڈھانچہ کی بہتری کیلئے بینکوں اور مائیکروفنانس کے اداروں کو کم سے کم شرح سود پر قرضے جاری کرنے چاہئیں تاکہ دیہی علاقوں کے عوام کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع دستیاب ہو سکیں اور زرعی شعبہ و دیہی صنعت کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرتے ہوئے ملکی برآمدات میں ترقی بھی ممکن بنائی جاسکے۔