واسا کنٹرول روم کو محکمہ موسمیات کےکنٹرول روم سےمنسلک کردیا گیا

128
WASA
WASA

فیصل آباد۔ 03 جولائی (اے پی پی):واسا فیصل آباد نے موسم برسات کے سلسلہ میں اپنے مرکزی دفتر میں سنٹرل کنٹرول روم قائم کر دیا ہے جہاں ضروری عملہ بھی تعینات کر دیا گیاہے جو مون سون کے دوران مختلف شفٹوں میں 24گھنٹے فرائض سر انجام دے گانیز واسا کنٹرول روم کو براہ راست محکمہ موسمیات کے کنٹرول روم سے منسلک کر دیا گیاہے تاکہ بارشوں کی پیش گوئی کی صورت میں فوری طور پر واسا کے سٹاف اور مشینری کو حرکت میں لایاجاسکے۔

واساکے ترجمان نے بتایاکہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ واسا کی سربراہی میں ایک سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر تما م مشینری کو چالو حالت میں رکھنے کا ذمہ دار ہوگانیز ڈٖپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سروسز کوڈ ی واٹرنگ سیٹس کی تنصیب اور سٹاف کی بروقت فراہمی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ڈائریکٹر ویسٹ مینجمنٹ واسا ڈسپوزل اسٹیشنوں پر پانی کی سطح کو کم سے کم رکھنے کیلئے اقدامات کرینگے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشن اپنے اپنے علاقوں میں بارش سے قبل فیکٹریاں بند کروانے کے ذمہ دار ہونگے۔