سعودی عرب کی غزہ میں سکول پر اسرائیلی بمباری کی مذمت

115
Saudi Arabia

ریاض۔8جولائی (اے پی پی):سعودی عرب نےغزہ میں فلسطینی پناہ گزینوں کےلیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ( یو این آر ڈبلیو اے ) کے زیر انتطام ایک سکول پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے گزشتہ روز ایک بیان میں مملکت کی جانب سے شہریوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنانے کو مکمل طور پر مسترد کرنے کا اعادہ کیا۔بیان میں زور دیا گیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی، شہریوں، سویلین امدادی مراکز اور ان کے کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے، بین الاقوامی انسانی قوانین اور قانونی قراردادں کی جاری اسرائیلی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بین الاقوامی احتسابی میکانزم کو فعال کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ غزہ کی وزارت صحت نے گزشتہ روز کہا کہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ( یو این آر ڈبلیو اے ) کے زیر انتطام ایک سکول پر اسرائیلی حملے میں 16 افراد شہید ہوئے۔ اس سکول میں غزہ کے وسطی علاقے کے نصیرات کیمپ میں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔