پاکستان کی خواتین سائیکلنگ کوچ ماہم طارق نے ورلڈ سائیکلنگ سنٹر کوریا سے یو سی آئی لیول ۔II سرٹیفیکیٹ حاصل کر لیا

159

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی خواتین سائیکلنگ کوچ ماہم طارق نے ورلڈ سائیکلنگ سنٹر کوریا سے یو سی آئی لیول ۔IIسرٹیفیکیٹ حاصل کر لیا۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریش (پی سی ایف) نے اعلان کیا ہے کہ ماہم طارق قابل اور ہنر مند کوچ ہیں جوپاکستان میں پہلی خاتون لیول 2 سائیکلنگ کوچ بن گئی ہیں۔ انہوں نے ورلڈ سائیکلنگ سینٹر (ڈبلیو سی سی) کوریا سے یو سی آئی لیول ۔II کا سرٹیفکیٹ کامیابی سے حاصل کر لیا ہے۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے ​​ماہم طارق کو ان کی شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ان کے عزم اور محنت کی تعریف کی جس کی وجہ سے ان کے کوچنگ کیریئر میں یہ اہم سنگ میل طے پایا ہے،ہمیں ماہم طارق کی لگن اور کامیابی پرفخر ہے۔ سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ یہ سرٹیفیکیشن نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ اسناد کو بڑھاتا ہے بلکہ پاکستان میں سائیکلنگ کی ترقی اورخاص طور پر ہماری خواتین کھلاڑیوں کے لیے بھی اہم ہے۔

انہوں نے ڈبلیو سی سی کوریا میں تربیت کے قابل قدر مواقع فراہم کرنے ،مسلسل حمایت اور اس غیر معمولی تربیتی پروگرام میں سہولت فراہم کرنے پر کورین سائیکلنگ فیڈریشن اورایڈورڈ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات ہمارے کوچز اور کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے اہم ہیں،ماہم طارق کا کارنامہ اس کھیل میں خواتین کوچز کے لیے بڑھتے ہوئے مواقع اور پہچان کا ثبوت ہے۔ پی سی ایف اپنے کوچز اور کھلاڑیوں کی مدد کے لیے پرعزم ہے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ انہیں تربیت اور ترقی کے بہترین مواقع دستیاب ہوں۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن پاکستان میں سائیکلنگ کے کھیل کے فروغ اور ترقی کے لیے وقف ہے۔ مختلف پروگراموں اور اقدامات کے ذریعے، پی سی ایف کا مقصد ٹیلنٹ کو پروان چڑھانا، مسابقتی مواقع کو بڑھانا، اور ملک بھر میں ایک ترقی پذیر سائیکلنگ کمیونٹی کو فروغ دینا ہے۔