کراچی۔ 18 جولائی (اے پی پی):صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں پاکستان شاہینز کل ڈارون میں بنگلہ دیش اے کے خلاف دو چار روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مدمقابل ہوں گی،دوسرا چار روزہ میچ 26جولائی سے شروع ہوگا جس کے بعد پاکستان شاہینز 4 اور 6 اگست کو 2 ون ڈے اور پھر ٹاپ اینڈ ٹی ٹونٹی سیریز کھیلے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے جمعرات …
بنگلہ دیش اے کے خلاف سیریز میں صاحبزادہ فرحان پاکستان کی قیادت کریں گے

مزید خبریں
کراچی۔ 18 جولائی (اے پی پی):صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں پاکستان شاہینز کل ڈارون میں بنگلہ دیش اے کے خلاف دو چار روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مدمقابل ہوں گی،دوسرا چار روزہ میچ 26جولائی سے شروع ہوگا جس کے بعد پاکستان شاہینز 4 اور 6 اگست کو 2 ون ڈے اور پھر ٹاپ اینڈ ٹی ٹونٹی سیریز کھیلے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے جمعرات کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق یہ 2008کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ڈیولپمنٹ سائیڈز مدمقابل ہورہی ہیں ۔ 2008میں پاکستان اکیڈمی ٹیم نے بنگلہ دیش اکیڈمی ٹیم کے خلاف اسی میدان میں دونوں 4 روزہ میچ 8 وکٹوں سے جیتے تھے۔
پاکستان شاہینز نئے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی نگرانی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں 6روزہ تربیتی کیمپ کے بعد 15جولائی کو ڈارون پہنچی تھی۔پاکستان شاہینز کی تین سال میں یہ تیسری ریڈ بال سیریز ہے۔اس سے قبل اس نے 2021اور 2023میں سری لنکا اور زمبابوے میں 4 روزہ میچوں کی سیریز کھیلی تھی۔مہران ممتاز زمبابوے اے کے خلاف پاکستان شاہینز کے سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے تھے ۔انہوں نے 2 چار روزہ میچوں میں 15وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ بیٹنگ میں عمیر بن یوسف348رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔
موجودہ سکواڈ میں محمد حریرہ ، عمیر بن یوسف، کامران غلام ، حسیب اللہ ، مہران ممتاز، شاہنواز دھانی، محمد علی اور خرم شہزاد پہلے بھی ریڈ بال کرکٹ میں پاکستان شاہینز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔15 رکنی ٹیم میں 3 ٹیسٹ کرکٹرز خرم شہزاد ، محمد علی اور عمر امین شامل ہیں۔ ڈارون میں بنگلہ دیش اے کے خلاف 2 چار روزہ میچ پاکستان کے آنے والے مصروف سیزن کے تناظر میں بڑی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ اس سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو آنے والے ریڈ بال سیزن کے لیے ضروری تجربہ اور ایکسپوژر ملے گا۔
اس سال پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 9 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔ پاکستان شاہینز کے کپتان صاحبزادہ فرحان کا کہنا ہے کہ وہ اس سیریز میں پاکستان شاہینز کی قیادت کرتے ہوئے بہت خوش ہیں اور دلچسپ چیلنج کے منتظر ہیں ۔ ٹیم نے کراچی کیمپ میں بہت اچھی تیاری کی ہے اور ڈارون میں ٹریننگ سیشن حالات سے ہم آہنگ ہونے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں ۔ جیسن گلیسپی کی موجودگی ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے بہت بڑا فائدہ ہے اور ہم چار روزہ میچوں میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لیے بے چین ہیں۔
پاکستان شاہینز سکواڈ میں صاحبزادہ فرحان(کپتان)، فیصل اکرم ، حسیب اللہ ، کامران غلام ، کاشف علی، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد علی، محمد حریرہ ، مبصر خان ، محمد عرفان خان ، عمیر بن یوسف، شاہنواز دھانی، طیب طاہر اور عمر امین شامل ہیں۔بنگلہ دیش ”اے”سکواڈ میں محمود الحسن جوئے (کپتان)، ایچ مولا ، امیت حسن، عارف الاسلام، حسن مراد، ماہید الاسلام انکون، معروف مریدھا، محمد مقید الاسلام، پرویز حسین ایمون، رقیب الحسن، رضا الرحمن راجہ، رپون مونڈل، سہادت حسین دیپو، شادمان اسلام اور ایس کے پرویزرحمانجوبن شامل ہیں۔








