اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):وزارت برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت نے وفاقی سرکاری سکولوں اور کالجوں میں اساتذہ کی کمی کو پوراکرنے کے لے شفاف بھرتی مہم کے دوران 211 اہل امیدواروں کو آفر لیٹر جاری کر دیئے ۔وزارت تعلیم کے حکام کے مطابق وزارت نے اس سلسلہ میں 3 مارچ 2024 کوایلیمنٹری سکول ٹیچرزکے لیے 237 اسامیوں کا اشتہار دیا، جس میں 102 مرد اور 135 خواتین شامل ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے 21,564 امیدواروں کے لیے نسٹ (NUST)کے ساتھ مل کر مصنوعی ذہانت ( AI )پر مبنی تشخیصی نظام کے ذریعے سکریننگ ٹیسٹ کا انعقاد کیا جس کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے چار انٹرویو کمیٹیوں کے قیام کی منظوری لی گئی۔ ہر کمیٹی کی سربراہی گریڈ ۔20 کا افسر کررہا تھا اور جس میں تعلیمی اداروں اور وزارت کے چار اراکین بھی شامل تھے نے 28 مئی سے 5 جون 2024 تک انٹرویو لئے ۔
اس عمل کا مقصد شفافیت کو یقینی بنا نااور کسی بھی بیرونی اثر و رسوخ سے بچنا ہے۔ ان انٹرویوز کے نتیجے میں 211 اہل امیدواروں کی تعیناتی کی سفارش کی گئی جن کو آفر لیٹر جاری ہو چکے ہیں۔