فچ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ اپ گریڈ کردی

150
Fitch
Fitch

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):کریڈٹ ریٹنگ کی بین الاقوامی ایجنسی فچ نے پاکستان کی طویل المدتی غیر ملکی کرنسی جاری کرنے کے حوالے سے ریٹنگ بہتر کر دی ہے۔

فچ کی جانب سے پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق ایجنسی نے پاکستان کی طویل مدت غیر ملکی کرنسی جاری کرنے والے ڈیفالٹ ریٹنگ کو ٹرپل سی سے پلس ٹرپل سی میں اپ گریڈ کردیا ہے۔ ایجنسی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہترکرنے سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ سٹینڈ بائی معاہدہ اور 37 ماہ پر مشتمل توسیع فنڈ سہولت کے تناظر میں بیرونی معاونت یقینی ہونے کی عکاسی ہو رہی ہے۔

ایجنسی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ پروگرام کے تحت مالی خسارہ کم کیا ، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا اور معیشت کے اہم اشاریوں میں بہتری آئی۔ مستقبل میں مزید بہتری کی توقع ہے۔ ایجنسی نے پاکستان میں اصلاحات کے عمل کو جاری کررکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے معیشت کے لئے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کی حکومت اصلاحات کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ ٹیکس کے نظا م میں بہتری آ رہی ہے ۔

توانائی اور سرکاری ملکیتی اداروں میں گورننس کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ حکومت نے آنے والے چند برسوں میں جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح کو بتدریج بہتر بنانے کے اہداف مقرر کئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان نے حال ہی میں آئی ایم ایف کے ساتھ 9 ماہ کا پروگرام کامیابی سے مکمل کیا۔ اس عرصہ میں حکومتی اخراجات میں کمی آئی ۔ ٹیکسوں میں اضافہ ہوا۔

انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں گیپ کو ختم کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے گئے۔ فچ نے سال 2025 میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارے کو 4 ارب ڈالر تک رہنے کی پیش گوئی کی ہے جو جی ڈی پی کا ایک فیصد بنتاہے۔ مالی سال 2022 میں پاکستان کے حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 17 ارب ڈالر کے قریب تھا۔ فچ کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائرمیں بھی بہتری آئی ہے۔