اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):اینگروفرٹیلائزرز لمیٹڈ کمپنی کے بعد از ٹیکس منافع میں جاری کیلنڈر سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 73 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کردہ مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق جاری کیلنڈر سال کے پہلے 6 ماہ میں کمپنی کو 9.426 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا جو گزشتہ سا ل کی اسی مدت کے مقابلہ میں 73 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ سا ل کے پہلے 6 ماہ میں کمپنی کو 5.464 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع ہوا تھا۔ جاری کیلنڈر سال کے پہلے 6 ماہ میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 7.06 روپے ریکارڈکی گئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 4.09 روپے تھی۔
جاری سا ل کی دوسری سہ ماہی میں کمپنی کو 1.666 ارب روپے کا بعدا ز ٹیکس منافع حاصل ہوا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 57 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سا ل کی اسی مدت میں کمپنی کو 1.060 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا تھا۔ دوسری سہ ماہی میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 1.25 روپے ریکارڈکی گئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 0.79 روپے تھی۔