اپر کوہستان ۔ 01 ستمبر (اے پی پی):اپر کوہستان پولیس نے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران غیر قانونی اسلحہ برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او اپر کوہستان مختیار احمد کی خصوصی ہدایت پر داسو ڈیم پر کام کرنے والے چینیوں اور دیگر غیر ملکیوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ اپر کوہستان پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کمیلا جوہرداد شاہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر مسعود خان کی زیر نگرانی ڈیم سائٹس، سی آر نائن، سیو گائوں اور گردونواح میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا، جس کے دوران مشکوک افراد اور گاڑیوں کی جامع تلاشی لی گئی.
پولیس نے کارروائی کے دوران ایک رائفل 223 بور اور 25 عدد کارتوس برآمد کر کے ملزم کے خلاف اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔