صوبے بھر میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے اپنی چھت کے خواب کوپورا کریں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز

92

لاہور۔1ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اتوار کے روزاخوت کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے ملاقات کی۔ اس موقع پرچیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، سیکرٹری ہائوسنگ اسد اللہ خان،چیف منسٹر کمپلینٹ سیل کے سربراہ شعیب مرزا،سیکرٹری سی ایم آفس دانش افضا ل اور پرسنل سیکرٹری صائمہ فاروق بھی موجود تھیں۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے بجلی کے بلوں میں عوامی ریلیف اور”اپنی چھت،اپنا گھر” پروگرام کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلی ٰ نے ڈاکٹر امجد ثاقب کی سربراہی میں اخوت کی سماجی خدمات کو سراہا۔ اس دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے بھر میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے اپنی چھت کے خواب کوپورا کریں گے،پنجاب میں لوکا سٹ ہائوسنگ پروگرام کا آغاز ہو چکاہے جس کا ہر سال دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ”اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑا اور سستا رہائشی پر اجیکٹ ہوگا، اس پروگرام کا بنیادی مقصد مالی طور پر کمزور طبقوں کو رہائش فراہم کرنا ہے،عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کیلئے حکومتی سبسڈیز دیں گے اور آسان ترین ماہانہ اقساط مقررکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ”اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت پائیدار اور ماحول دوست گھروں کی تعمیر کو فروغ دیا جائے گا،انقلابی ہائوسنگ پراجیکٹ کے اجرا سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا اور لاکھوں خاندان بہتر زندگی گزار سکیں گے،اپنی چھت اپنا گھر پروگرام سود کے بغیر قرضوں کی فراہمی کیلئے ملکی تاریخ کاپہلا بڑا پراجیکٹ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بے گھر لوگوں کو اپنے گھر کی فراہمی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے،اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں تین پلان کے تحت پراجیکٹ لانچ کیے جارہے ہیں،دیہات میں 10مرلے تک اور شہروں میں پانچ مرلے تک رہائشی پلاٹ کے مالکان 15لاکھ روپے تک قرض لے سکتے ہیں سکیم میں تقریبا ً14ہزار روپے ماہانہ اقساط میں واپس کرنے ہوں گے، جس پر کوئی سود نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں سرکاری زمینوں پر 4منزلہ فلیٹس تعمیر کریں گے ،یہ فلیٹ آسان اقساط سے قرعہ اندازی کے ذریعے لوگوں کو مہیا کئے جائیں گے جبکہ پرائیویٹ ہا ئوسنگ سکیموں میں تین سے پانچ مرلے تک گھربنا کر دیئے جائیں گے، ان پرائیویٹ ہائوسنگ پراجیکٹ میں حکومت ہر گھر کے لئے10 لاکھ روپے تک سبسڈی دے گی، پرائیویٹ ہائوسنگ پراجیکٹ درخواست دہندہ پانچ سالوں میں باقی اقساط ادا کرکے اپنے گھر کا مالک بن جائے گا۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ کا جذبہ قابل تحسین ہے۔