ذرائع ابلاغ معلومات کی فراہمی اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی

79

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اخبارات سمیت ذرائع ابلاغ معلومات کی فراہمی اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، یہ وہ ذریعہ ہے جو شہریوں کو مستند اور قابل اعتماد معلومات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ۔ بدھ کو قومی یوم ِاخبار بینی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے اس موقع پر آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی، صحافی حضرات اور میڈیا پروفیشنلز کو مبارکباد دی اور کہا کہ درست اور حقائق پر مبنی خبریں معاشرے میں سچائی، امن، استحکام اور ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

پارلیمان نے ہمیشہ آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے لیے قانون سازی کی ہے۔اخبارات ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں جعلی خبروں کی روک تھام اور حقائق پر مبنی معلومات کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات سیاسی شعور اجاگر کرنے اور شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے آگاہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔اخباری صنعت کی ترقی اور فروغ کے لیے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب اپنی ذمہ داریوں کو آئین و قانون کے مطابق بہترین انداز میں ادا کریں۔