ریاض۔13اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اسرائیلی حکام کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزین (یو این آر ڈبلیو اے) کے ہیڈکوارٹر کی اراضی ضبط کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی اراضی کا سرقہ قرار دیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی قوانین اور قرار دادوں کی غیر منظم اسرائیلی خلاف ورزیوں، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور امدادی تنظیموں کو منظم سیاسی اور فوجی انتقام کا نشانہ بنانے اور اس کے کارکنوں کی زندگیوں کو مسلسل خطرے میں ڈالنے کی بھی مذمت کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یو این آر ڈبلیو اےایک انسانی ہمدردی کا ادارہ ہے جس کا مشن فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کرنا ہے۔ سعودی عرب یو این آر ڈبلیو اےکے خلاف اسرائیلی حکومت کے اس اقدام کو انسانی مشن کے خلاف اقدام کے طور پر دیکھتا ہے اور اس کی مذمت کرتا ہے۔خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس میں واقع یو این آر ڈبلیو اے کے ہیڈ کوارٹر پر قبضہ کر لیا تھا اور اس کے ہیڈ کوارٹر کے لئے مختص اراضی چھین لی تھی۔