پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات علاقائی امن و خوشحالی اور استحکام کے مشترکہ عزم سے جڑے ہوئے ہیں، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

185
Syed Yusuf Raza Gilani
Syed Yusuf Raza Gilani

اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات علاقائی امن و خوشحالی اور استحکام کے مشترکہ عزم سے جڑے ہوئے ہیں، روسی وفد کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے روشن مستقبل کی طرف ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔

پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں روسی فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کی سپیکر ویلنٹینا آئی مٹوینیکو کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معزز مہمان سپیکر کا استقبال کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے، آج کا یہ اجلاس پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے ، دونوں ممالک علاقائی امن و خوشحالی اور استحکام کے لئے مشترکہ عزم سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہمان سپیکر گورننس، سفارتکاری اور بین الاقوامی تعاون کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں، ان کا کیریئر پانچ دہائیوں پر محیط ہے، انہوں نے سفارتکاری، سیاست اور حکمرانی پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں، سوویت نوجوان قیادت میں اپنے ابتدائی سالوں سے روس کی سب سے بااثر شخصیات میں سے ایک بننے کا ان کا سفر اس کا ثبوت ہے، ان کی سخت محنت، استقامت اور دانشمندانہ قیادت اہمیت کی حامل ہے، انہوں نے سینٹ پیٹرزبرگ کے گورنر کے طور پر اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے شہر کو ترقی دی اور اسے سفارتکاری اور سرمایہ کاری کے مرکز میں تبدیل کر دیا، انہوں نے روس سے باہر بھی سفارتی مہارت کا مظاہرہ کیا اور مالٹا میں بطور سفیر اور اقوام متحدہ میں مستقل نمائندہ کے طور پر نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہوں نے مشکل سفارتی منظرنامہ پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کے مفادات کا تحفظ کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ روس کی فیڈریشن کونسل کی سپیکر بننا ان کی بڑی کامیابی ہے جو انہیں روس کی بااثر سیاسی خاتون ثابت کرتا ہے، ان کی قیادت میں فیڈریشن کونسل نے روس کے قانون سازی کے ایجنڈے اور بین الاقوامی تعاون کو گہرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے میں ان کی شراکت، سماجی ترقی کے لئے ان کی وکالت اور وابستگی کثیرالجہتی پاکستان کی اقدار کے ساتھ گہرائی سے تعلق رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت دنیا بھر میں خواتین کی حوصلہ افزائی کرتی ہے کہ وہ قائدانہ کردار ادا کریں اور سماجی ترقی میں حصہ ڈالیں، ہمیں ایک ایسے رہنما کے ساتھ کھڑے ہونے پر خاص طور پر فخر ہے جو پاکستان کے جامع اور پائیدار ترقی کے وژن سے اشتراک کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کو گہرا کرنے اورتعاون کے لئے نئی راہیں تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتاہے، ہمارے پاس ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کو بہت کچھ ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے روشن مستقبل کی طرف ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مہمان سپیکر کی ہمارے درمیان موجودگی نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی کا ثبوت ہے بلکہ پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کی ہماری اجتماعی وابستگی کی یاد دہانی بھی ہے، ان کا ایوان بالا سے خطاب نہ صرف سینیٹ بلکہ روس اور پاکستان کے تعلقات کی تاریخ میں نئے باب کا آغاز کرے گا۔