بھارت کی ٹیم کو تیسرے اور آخری میچ میں بھی شکست دےکر ٹیسٹ سیریز کلین سویپ کریں گے ، ٹام لیتھم

124

نئی دہلی۔30اکتوبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز اوپننگ بلے باز ٹام لیتھم نے کہا ہے کہ میزبان بھارتی ٹیم کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دےکر سیریز کلین سویپ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کو پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں شکست دینے کے بعد ان کی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو میزبان بھارتی ٹیم کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لئے حکمت عملی تیارکر رکھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔32سالہ لیتھم نے کہا کہ وہ میزبان ٹیم کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچوں کی طرح تیسرے میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں ی نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور بھارت کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔ ۔نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 16 سے 20 اکتوبر تک ایم چناسوامی سٹیڈیم، بنگلورو میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے ابتدائی ٹیسٹ میچ میں بھارت کی ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ 24 تا28 اکتوبر تک مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم، پونے میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان بھارتی ٹیم کو 113 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری قائم کر لی تھی ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مشن کلین سویپ کے مقصد کے حصول کے لئے ان کی ٹیم کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ یکم نومبر سے ممبئی میں شروع ہوگا ۔