میلبورن۔4نومبر (اے پی پی):آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو سیریز کے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 2 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔پاکستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کر کے 203 رنز بناکر آسٹریلیا کو میچ میں کامیابی کے لئے 204 رنز کا ہدف دیا جو بعد میں آسٹریلوی ٹیم نے 204 رنز کا مطلوبہ ہدف 99 …
آسٹریلیا نے پاکستان کوسیریز کے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 2 وکٹوں سے ہرا دیا

مزید خبریں
میلبورن۔4نومبر (اے پی پی):آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو سیریز کے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 2 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔پاکستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کر کے 203 رنز بناکر آسٹریلیا کو میچ میں کامیابی کے لئے 204 رنز کا ہدف دیا جو بعد میں آسٹریلوی ٹیم نے 204 رنز کا مطلوبہ ہدف 99 گیندوں قبل 33.3 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے حارث رئوف نے تین ،شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ آسٹریلیا کے مایہ ناز فاسٹ بائولر مچل سٹارک کو عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پیر کو آسٹریلیا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان میلبورن کرکٹ گرائونڈ ،میلبورن پر پہلا ون ڈے میچ شروع ہوا تو میزبان آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاجو ان کے لئے اچھا رہا ۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 3 رنز پر گری تھی جب مچل سٹارک نے صائم ایوب کو 1 رن پر کلین بولڈ کردیا جبکہ پاکستان ٹیم کی دوسری وکٹ 24 رنز پر گری جب عبداللّٰہ شفیق 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کو بھی مچل سٹارک نے جوش انگلس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔گرین شرٹس ٹیم کی تیسری وکٹ 63 کے مجموعی رنز پر گری جب بابر اعظم 37 رنز بنا کر ایڈم زمپا کی گیند پر کلین بولڈ کر دیا ، پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کامران غلام تھے، جو صرف 5 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر جوش انگلس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 101 رنز پر گری جب نائب کپتان سلمان علی 12 رنز بنا کر شان ایبٹ کی گیند پر میتھیو شارٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔پاکستان کے چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان محمد رضوان تھے جو 44 رنز بناکر مارنس لبوشین کی گیند پر جوش انگلس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔شاہین شاہ آفریدی پاکستان کے ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 24 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
عرفان خان 22 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔حارث رئوف پاکستان کے نویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے ایڈم زمپا کی گیند کا نشانہ بنے۔نسیم شاہ پاکستان کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 40 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر مچل سٹارک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔محمد حسنین 2 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔یوں پاکستان کی ٹیم 46.4 اوورز میں 203 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے میزبان آسٹریلوی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 204 رنز کا ہدف دیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے 3، پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شان ایبٹ اور مارنس لبوشین نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔جواب میں 204 رنز ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی طرف سے میتھیو شارٹ اور جیک فریزر میک گرک نے اننگز کا آغاز کیا، جو کچھ خاص نہ تھا آسٹریلیا کی پہلی دو وکٹیں 28 کے مجموعی سکور پر گر گئیں۔میتھیو شارٹ 1 رن بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے جبکہ جیک فریزر میک گرک 16 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر عرفان خان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے ۔
اس کے بعد سٹیو سمتھ اور جوش انگلس نے تیسری وکٹ پر محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے 85 رنز کی شراکت داری قائم کی ، تاہم 113 رنز کے مجموعی سکور پر سٹیو سمتھ 44 نز بنا کر حارث رئوف کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔جوش انگلس آسٹریلیا کے چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 49 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر عرفان خان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے ۔
دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہوتے ہی آسٹریلوی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ مارنس لبوشین 16 رنز بناکر حارث رئوف کی گیند پر عرفان خان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئےاور گلین میکسویل بغیر کوئی رن بنائے حارث رئوف کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ گئے۔
آرون ہارڈی آسٹریلیا کے ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 10 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔سین ایبٹ آسٹریلیا کے آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 13رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔ کپتان پیٹ کمنز 32 اور مچل سٹارک 2 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے ۔یوں آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔آسٹریلیا کے مچل سٹارک کو عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔








