پاکستان شاہینز نے پہلے چار روزہ میچ میں سری لنکا اے کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

راولپنڈی۔14نومبر (اے پی پی):پاکستان شاہینز نے پہلے چار روزہ میچ میں سری لنکا اے کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ، پاکستان شاہینز نے 222 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ محمد سلیمان نے 86 اور علی زریاب نے 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، خرم شہزاد نے شاندار باؤلنگ کا …

راولپنڈی۔14نومبر (اے پی پی):پاکستان شاہینز نے پہلے چار روزہ میچ میں سری لنکا اے کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ، پاکستان شاہینز نے 222 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔

محمد سلیمان نے 86 اور علی زریاب نے 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، خرم شہزاد نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں ، علی زریاب کو دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے پر مرد میدان قرار دیا گیا ۔ راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے اور آخری روز سری لنکا اے نے اپنی دوسری نامکمل اننگز میں 364 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو سونل دینوشا گزشتہ روز کے سکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر خرم شہزاد کی گیند پر آؤٹ ہو گئے ۔

انہوں نے 62 رنز بنائے ، خرم شہزاد نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں ، کاشف علی اور محمد سلیمان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ پہلی اننگز میں 143 رنز کی برتری کی بدولت پاکستان شاہینز کو جیت کے لیے 222 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، 32 رنز پر 2 وکٹیں گر جانے کے بعد محمد سلیمان اور علی زریاب نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 158 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا ۔ محمد سلیمان نے 11 چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے، انہیں ونوجا ساہن نے کلین بولڈ کیا، علی زریاب نے 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے شامل تھے ، حیدر علی نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 19 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری چار روزہ میچ 18 سے 21 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔