بیلاروس کے صدر کا دورہ دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری و ٹیکنالوجی میں تعاون کو فروغ دینے کی طرف اہم قدم ہے، افتخار علی ملک

73

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کا دورہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی طرف اہم قدم ہے۔ منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بیلا روس کا وفد معاشی تعلقات کے فروغ، تجارتی میکانزم کی بہتری اور زراعت، مینوفیکچرنگ و انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مشترکہ منصوبوں پر جامع مذاکرات کر رہا ہے۔

دورے کے دوران دونوں فریق دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کریں گے جس میں اضافے کی بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے وفد میں 43 بااثر کاروباری رہنما بھی شامل ہیں۔ وفد اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کر رہا ہے اور متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں جن میں علم کے تبادلے کو آسان بنانا، براہ راست سرمایہ کاری کا فروغ، صنعت، ٹیکسٹائل کی پیداوار، مشینری، مینوفیکچرنگ اور سبز توانائی شامل ہے۔

افتخار ملک نے کہا کہ اس دورے سے ثقافتی اور تعلیمی تعاون بھی مضبوط ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صدر لوکاشینکو کے دورے میں باہمی ترقی اور شراکت داری کے مشترکہ وژن پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جس سے طویل مدتی علاقائی اور عالمی استحکام کے لیے سٹریٹجک تعاون کی اہمیت کو تقویت ملے گی۔