پاکستان نے زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے سیریز اپنے نام کر لی

بلاوائیو۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی، زمبابوے کی ٹیم پاکستان کے 303 رنز کے تعاقب میں 204 رنز بنا سکی، صائم ایوب ، ابرار احمد اور حارث رئوف نے دودو وکٹیں حاصل کیں ، کامران غلام کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ اور صائم ایوب …

بلاوائیو۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی، زمبابوے کی ٹیم پاکستان کے 303 رنز کے تعاقب میں 204 رنز بنا سکی، صائم ایوب ، ابرار احمد اور حارث رئوف نے دودو وکٹیں حاصل کیں ، کامران غلام کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ اور صائم ایوب کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔جمعرات کو بلاوائیو میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور عبداللّٰہ شفیق نے اننگز کا پراعتماد آغاز کیا اور ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں سکور 49 رنز تک پہنچایا۔

بعدازاں یہ شراکت داری 12.1 اوورز میں 58 رنز پر ٹوٹ گئی جب صائم ایوب 31 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد عبداللّٰہ شفیق کے ساتھ کامران غلام نے پارٹنرشپ قائم کی ۔پاکستان کی دوسری وکٹ 23 ویں اوور میں 112 رنز پر گری جب عبداللّٰہ شفیق اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 50 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی تیسری وکٹ 39.2 اوورز میں 201 رنز پر گری جب کپتان محمد رضوان 37 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ 44.3 اوورز میں 232 رنز پر گری گئی ۔ اس موقع پر کامران غلام اپنی پہلی ون ڈے سنچری مکمل کرنے کے بعد 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی، یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری تھی۔پاکستان کی پانچویں وکٹ 47.3 اوورز میں 273 رنز پر گری جب سلمان آغا 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

پاکستان کے چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی عرفان خان 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔اس وقت 48.4 اوورز میں پاکستان کا مجموعی سکور 283 رنز تھا۔طیب طاہر 29 اور عامر جمال 5 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں پاکستان کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے اور اس نے زمبابوے کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 304 رنز کا ہدف دیا۔زمبابوے کی طرف سے سکندر رضا ،رچرڈ نگروا نے دو، دو جبکہ بلیسنگ مزاربانی اور فراز اکرم نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور دس کے مجموعی سکور پر جوئے لرڈ گیمبی 5 اور ڈیوئن میئرز 4 رنز بنا کر صائم ایوب کا شکار بنے،

ٹیڈوینسی موریمانی کو 24 کے سکور پر ابرار احمد نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا، سین ویلمسن 24 رنز بنا کر حارث رئوف کا شکار بنے، کپتان گریگ ایرون کو عامر جمال نے بولڈ کیا انہوں نے 51 رنز کی ذمہ درانہ اننگز کھیلی، سکندر رضا بھی 16 رنز بنا کر عامر جمال کا شکار بنے، برین بیننٹ کو 37 کے انفرادی سکور پر ابرار احمد نے کیچ آئوٹ کرایا، فراز اکرم کو پانچ رنز پر کامران غلام نے آئوٹ کیا، ریچرڈ نگااروا نے 17 رنز بنائے انہیں فیصل اکر م نے بولڈ کیا، کلائیو مینڈیڈ زمبابوے کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے

انہیں حارث رئوف نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا، بلیسنگ مزربانی صفر پر ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں زمبابوے کی پوری ٹیم 40.1 اوورز میں 204 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب ، ابرار احمد اور حارث رئوف نے دودو وکٹیں حاصل کیں جبکہ فیصل اکرم اور کامران غلام نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

 

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔