فیصل آباد،کاشتکاروں کو گندم کی فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے کیمیائی زہروں کے سپرے سے متعلق احتیاطی تدابیرپر عملدرآمدکی ہدایت

فیصل آباد۔ 13 دسمبر (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو گندم کی فصل سے جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کیلئے کیمیائی زہروں کے سپرے سے متعلق احتیاطی تدابیرپر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ چوڑے پتوں اور نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کیلئے مخصوص زہریں استعمال ہوتی ہیں اس لئے سپرے کا فیصلہ کرنے سےقبل محکمہ زراعت کے مقامی عملے …

فیصل آباد۔ 13 دسمبر (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو گندم کی فصل سے جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کیلئے کیمیائی زہروں کے سپرے سے متعلق احتیاطی تدابیرپر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ چوڑے پتوں اور نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کیلئے مخصوص زہریں استعمال ہوتی ہیں اس لئے سپرے کا فیصلہ کرنے سےقبل محکمہ زراعت کے مقامی عملے سے ضرور مشورہ کریں اور زہر ہمیشہ سفارش کردہ مقدار میں استعمال کریں کیونکہ زیادہ یا کم مقدار میں زہروں کا استعمال بھی فصل کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار جڑی بوٹیوں پر سپرے کیلئے مخصوص نوزل والی مشین استعمال کریں نیز ہوا، بارش یا دھند والے دن ہرگز سپرے نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار کوشش کریں کہ سپرے دوپہر کے وقت کریں اورپانی کی مقدار فی ایکڑ 100 تا120 لیٹر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیاں فصل سے خوراک ہوا اور پانی کیلئے مقابلہ کرتی ہیں جس کے نتیجے میں فصل کی پیداوار پر منفی اثر پڑتاہے۔انہوں نے کہاکہ گندم کی فصل میں جڑی بوٹیوں کی تلفی کےلئے مختلف طریقے اپنائے جاسکتے ہیں جن میں بارہیرو،گوڈی اور کیمیائی زہروں کا استعمال شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی پچھیتی کاشت کی گئی فصل کو بعض نازک مراحل پر پانی کی کمی بہت بری طرح متاثر کرتی ہے اس لئے پچھیتی کاشت کی گئی گندم کی فصل سے بہتر پیداوار حاصل کرنے کے لیے آبپاشی کے شیڈول پر مقررہ وقت کے تحت عملدرآمد بہت ضروری ہے لہٰذا کاشتکار گندم کی پچھیتی کاشتہ فصل کو پہلا پانی بوائی کے 20 تا25 دن بعد ضرور دیں کیونکہ اس مرحلے پر پانی دینے سے گندم کا پودا زیادہ جاڑ بناتا ہے

اور اس کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں نیز پچھیتی کاشتہ فصل کو دوسرا پانی گوبھ کے وقت فصل کی بوائی کے تقریباً 70 تا80 دن بعد اورتیسرا پانی دانے بننے کی ابتدائی حالت یعنی بوائی کے تقریباً 110 سے115 دن بعددینا چاہیے اور اگر موسم متواتر خشک رہے تو ایک زائد پانی دوسرے اور تیسرے پانی کے درمیانی وقفہ میں لگایا جاسکتاہے تاہم کاشتکار زمین اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی لگانے کے وقت میں متعلقہ ماہرین زراعت کی مشاورت سے مناسب تبدیلی بھی کرسکتے ہیں۔

 

مزید خبریں