کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا پانچواں اجلاس منعقد

151
کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا پانچواں اجلاس منعقد

سرگودھا ۔ 21 دسمبر (اے پی پی):کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت سرگودہا ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا پانچواں اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، سی ای او ایس ایم ڈبلیو سی رانا شاہد عمران ، ڈائریکٹرز چوہدری عبد الرزاق ڈھلوں ، سلطان علی رانجھا ، عمیر اشرف ،کشور درانی، ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید صولت رضا ، سی او ایم سی زویا بلوچ اور لوکل گورنمنٹ پنجاب کے آفسیر اسلم ندیم نے شرکت کی،جبکہ فنانس کے افسران لاہور سے وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔اجلاس میں دو ایجنڈا آٹیمز پیش کیے گئے۔

جن میں بورڈز آف ڈائریکٹرز کے سابقہ اجلاس میں کیے فیصلوں کی توسیع ، پروکمنٹ کمیٹی اور سی ای او کے مالی اختیارات میں اضافہ شامل تھا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈویژن کی تمام 18 تحصیلوں میں صفائی کے ٹھیکوں کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ ایس ڈبلیو ایم سی نے اپنے تمام اہداف کو مقررہ ڈیڈ لائن میں مکمل کیا ہے اور طے شدہ شیڈول کے مطابق صفائی آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔

اجلاس میں طے پایا گیا کہ صفائی کے لیے کامیاب بولی حاصل کرنے والی فارمز کی انتظامیہ کے ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں خصوصی سیشن کروا کر انہیں اہداف ، ایس او پیز اور ٹائم لائن دی جائیں گے۔ کمپنی کے دفتر میں باقاعدہ مانیٹرنگ روم قائم ہوگا جہاں ہر تحصیل میں روزانہ سرگرمی کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

کمشنرنے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے فعال ہونے سے ڈویژن بھر میں صفائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کمپنی کے قیام کے بعد اگلا چیلنچ صفائی ہے جس کے لیے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا کردار انتہائی اہم ہو گا ۔