کلرسیداں، 24 دسمبر (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی اسامہ اشفاق سرور اور رکن صوبائی اسمبلی راجہ صغیر احمد نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ٹائون میونسپل اتھارٹی آفس کلرسیداں میں ستھرا پنجاب پروگرام کا افتتاح کردیا۔ اس حوالے سے ٹی ایم اے آفس کلرسیداں میں ایک تقریب منعقد ہوئی ،جس میں ایم این اے اسامہ اشفاق سرور ایم پی اے راجہ صغیر احمد، اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں اشتیاق اللہ خان نیازی سمیت ٹائون کے عہدیداران سمیت کلرسیداں اور اس سے ملحقہ یونین کونسلز کے چیئرمینز اور مقامی عمائدین علاقہ نے شرکت کی
اس پروگرام کے توسط سے علاقہ میں صفائی ستھرائی کے عمل میں بہتری آئے گی۔اس موقع پر اسامہ اشفاق سرور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف ستھرا پنجاب ہماری اولین ترجیح ہے ،جس کے لئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف ہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں ،ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اپنے علاقے کو صاف رکھنے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے راجہ صغیر احمد نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے ، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے تحصیل کلر سیداں کے لیے جہاں دیگر منصوبے دیے ہیں وہاں پر صاف ستھرا پنجاب کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے جس پر ان کے شکر گزار ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کلرسیداں کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں ، اس حوالے سے کلرسیداں کی تمام یونین کونسلز میں بلا تفریق ترقیاتی کام جاری ہیں۔ تقریب سے اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں سمیت دیگر مقررین نے صاف ستھرا پنجاب پروگرام شروع کرنے پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔