اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان نے اس سال باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی مسائل پر یورپ میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ تعاون اور بات چیت جاری رکھی، ہماری توجہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے، موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تعاون کرنے اور اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے مواقع تلاش کرنے پر مرکوز رہی۔
جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ کئی یورپی ممالک کے ساتھ لیبر مائیگریشن، پائیدار بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں، سول ایوی ایشن میں تکنیکی تعاون اور گرین پارٹنرشپ کو فروغ دینے پر اہم مفاہمتیں طے پا گئیں۔
ترجمان نے کہا کہ یورپی یونین نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) پر لگائی گئی چار سالہ پابندی ختم کر دی ہے جس کے بعد پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازیں بحال ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسیع تر خطے میں بھی پروازوں کی بحالی کے لیے غیر یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ مصروف عمل ہے۔