اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر اہم تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر ایتھوپیا کے سفیر نے پاکستان کے "اڑان پاکستان” پروگرام کی تعریف کی اور ایتھوپیا کے "ہوم گرون اکنامک ریفارمز” منصوبے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ڈاکٹر جمال بیکر نے کہا کہ ایتھوپیا کی معاشی اصلاحات نے نہ صرف ملکی معیشت کو مستحکم کیا بلکہ روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اصلاحات سرمایہ کاروں کے لیے دوستانہ ماحول مہیا کر رہی ہیں اور پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارت اور روابط میں بہتری آ رہی ہے۔سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے عدیس ابابا میں اس سال منعقد ہونے والی سنگل کنٹری نمائش ایتھوپیا کے ساتھ تجارتی تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز کرے گی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے ایتھوپیا کی معاشی اصلاحات کی تعریف کی اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔