سوئی ناردرن گیس فیصل آباد کا کمپریسر لگانے والوں کے خلاف کریک ڈائون شروع

146
Sui Southern
Sui Southern

فیصل آباد۔ 07 جنوری (اے پی پی):سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈفیصل آباد ڈویژن نے مختلف مقامات پر کمپریسر لگا کر گیس کا پریشر بڑھانے والے کمرشل و گھریلو صارفین کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغازکردیاہے۔ ترجمان سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈفیصل آبادنے بتایاکہ بعض مقامات پرکچھ صارفین نے گیس کے پریشر میں کمی کے باعث غیر قانونی طریقے سے گیس پریشر بڑھانے کیلئے ناجائز طریقوں کا استعمال شروع کر دیا ہےجن کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس نے اچانک چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے لہٰذا اگر کسی جگہ پر ناجائز طریقوں سے کمپریسر لگا کر گیس کا پریشر بڑھانا پایا گیا تو متعلقہ صارف کا گیس کنکشن منقطع کر دیا جائےگا۔

انہوں نے گھریلو صارفین کو ہدایت کی کہ اگر کسی نے گیس پریشر بڑھار کھا ہے تو وہ اپنے تحفظ کیلئے اسے فوری طور پر ختم کر دے،دوران چیکنگ پکڑے جانے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔انہوں نے کہاکہ اگر کسی شخص کو ایسے کسی واقعہ کے بارے میں علم ہو تو وہ فوری طور پر محکمہ کی ہیلپ لائن 1199 پر بھی اطلاع کر سکتاہے۔