اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ اور مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے بارے میں دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کو سراہا ہے ۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو یہاں 44 مسلم اور دوست ممالک کے 150 سے زائد نمائندوں کی کانفرنس میں شرکت کے بعد اپنا دورہ اسلام آباد کے اختتام پر کیا۔ دونوں سیکرٹریز جنرل نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ اہم قدم مسلم دنیا میں معیاری تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ٹھوس کوششوں کو تقویت دے گا۔
انہوں نے اسلام آباد کے دورے کے دوران ان کی اور ان کے متعلقہ وفود کی شاندار مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ ڈائریکٹر ہوم پبلسٹی، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نرگس شازیہ چوہدری نے مہمانوں کو ان کے دورہ پاکستان کی یادگاری فوٹو البم پیش کی۔ وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرانہیں رخصت کیا، اس موقع پر اعلی سرکاری حکام بھی موجودتھے۔