وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے امید نوء پروگرام کے پہلے مرحلے کا افتتاح کر دیا

181
Ahsan Iqbal

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے چیئرمین بیت المال پنجاب خواجہ محمد وسیم کے ہمراہ امید نوء پروگرام کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ صوبہ پنجاب کے سرکاری سکولوں کے بچوں کو جرسیاں، موزے اور بند جوتے فراہم کرنے کی بابت تشکیل دئیے جانے والے پروگرام امید نوء کا گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول مانگیاں میں پیر کے روز باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا کی جانب سے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا گیا اور امید نوء پروگرام کے افتتاح کیلئے ضلع نارووال کا انتخاب کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا گیا۔

چیئرمین بیت المال پنجاب خواجہ محمد وسیم نے کہا کہ بیت المال کی ذمے داری ملنے کے بعد معلوم ہوا کہ بیت المال پنجاب میں کام روایتی بنیادوں پر چل رہا تھا، ہم نے کوشش کی ہے کہ بیت المال کے قوانین کو آسان بنایا جائے تاکہ لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ امید نوء پروگرام کے تحت ہم اپنے بچوں کو جوتے، موزے اور جرسیاں مہیا کر رہے ہیں اور اس پروگرام کا دائرہ اختیار مزید بڑھا کر اگلے مرحلے میں بچوں کو سکول بیگز اور کاپیاں بھی مہیا کریں گے۔مہمان خصوصی وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیت المال کے اس تعلیم دوست منصوبے پر وزیراعلی پنجاب کو مبارکباد پیش کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ پروگرام آئوٹ آف سکول بچوں کو سکول لانے میں اہم قدم ثابت ہوگا۔

احسن اقبال نے کہا کہ "وزیر اعظم کی قیادت میں ہم نے تعلیم کی ترقی کیلئے اڑان پاکستان پروگرام کی ابتداء بھی کی ہے”، پاکستان ابھی تک ترقی کی راہ بھی کشمکش کا شکار ہے اور جس نے پاکستان کی ترقی کیلئے کام کیا اس کی ٹانگیں کھینچی گئیں۔ انھوں نے پاکستان کی ترقی کے ناہموار سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مٹی میں بیج ڈال کر اس کے اگنے کا انتظار کیا جاتاہے، مگر پاکستان میں ترقی کے جو بیج بوئے گئے ان کے اگنے سے پہلے ہی زمین میں ہل چلا کر تمام تر منصوبوں کو خاک میں ملا دیا گیا۔

وفاقی وزیر نے عوام کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ آج اگر ہم پاکستان میں امن قائم کردیں تو بلاشبہ ہم ترقی کی راہ ہر گامزن ہوں گے ۔انھوں نے نارووال کی عوام سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ نے مسلسل ہمیں ووٹ دے کر پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنایا اسی وجہ سے نارووال تبدیل ہوا، اگر پاکستان میں بھی اسی طرح پالیسیوں کا تسلسل ہو تو پاکستان بھی ضرور ترقی کرے گا۔وفاقی وزیر نے خاص طور پر کہا کہ اگر ہم اگلے 5 سال اڑان پاکستان ویثن پر عمل کریں گے تو اس ملک میں ترقی کے ایسے پھول کھلیں گے کہ جس کی دنیا میں مثال دی جائے گی۔ تعلیم کو دنیا میں غربت ختم کرنے کا سب سے موثر ہتھیار قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ غریب کے بچوں کو تعلیم دے جائے تو ان کا مستقبل اگلی نسلوں کے لیے بدل سکتا ہے۔

انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بچی اور بچے کو تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ حکومت کی جانب سے ملک میں ترقی کے نئے سے نئے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نارووال میں 300 ایکڑ پر صنعتی زون بنانے جارہے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت کی ناقص کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 4 سالوں میں پی ٹی آئی گورنمنٹ نے ترقی کے ایک منصوبے کا افتتاح نہیں کیا، آج جو شخص جیل میں ہے اس نے مجھے صرف اس بنیاد پر جیل بھیجا کہ میں نے نارووال میں سپورٹس کا اتنا بڑا منصوبہ کیونکر شروع کیا ہے، ہم نے جھوٹے مقدمات کا بہادری سے مقابلہ کیا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے مزید کہا کہ ترقی کے منصوبے جو حکومت شروع کرتی ہے وہ مسلم لیگ ن کی حکومت ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے خواجہ وسیم بٹ اور ان کی ٹیم کو امید نوء پروگرام شروع کرنے پر مبارکباد دی اور تقریب کے اختتام پر سکول کے بچوں اور بچیوں میں جرسیاں، موزےاور بند جوتے تقسیم کیے گئے۔اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے چار اضلاع (نارووال، لاہور، لیہ اور راجن پور) میں مفت یونیفارم تقسیم کئے جائیں گے۔ اس اقدام سے 204 سکولوں کے 23,000 طلباء مستفید ہوں گے۔