آئی جی کی زیر صدارت اجلاس، چیمپینز ٹرافی میچز، چینی و غیر ملکی باشندوں کے لئے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا

109

لاہور۔18جنوری (اے پی پی):سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم اجلاس کاانعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل آئی جی سائوتھ پنجاب، تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی میچز، چینی و غیر ملکی باشندوں، سفارت خانوں اور مالیاتی اداروں کے لئے گئے گئے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا ۔

اجلاس میں شرح چالاننگ کیسز، کی پرفارمنس انڈیکیٹرز ، ہارڈ کور پولیسنگ، ٹریفک مینجمنٹ، خدمت مراکز کی کارکردگی ، لا اینڈ آرڈر ہینڈلنگ، کرائم کنٹرول، انویسٹی گیشن امور اور 1787 پر موصول شکایات کے ازالے کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ خواتین، بچوں اور کمزور طبقات کا تحفظ، انصاف و خدمات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، آر پی اوز، ڈی پی اوز 1787 پر موصولہ شکایات کے ازالے کے لئے مانیٹرنگ میکانزم، ٹائم لائن کی پابندی یقینی بنائیں،مویشی و بجلی چوری، منشیات فروشی اور ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ سڑکوں و شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے پٹرولنگ اور رسپانس ٹائم کو بہتر بنائیں، تجاوزات اور سموگ کے خاتمے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کریک ڈائون تیز کیا جائے، سنگین و پرانی دشمنی کے کیسز میں اسلحہ لائسنس منسوخی سمیت تمام انسدادی کاروائیاں عمل میں لائیں۔

آئی جی پنجاب نے غیر ملکی سفارت خانوں، پولیس سٹیشنز، ٹریننگ سینٹرز و دفاتر، حساس تنصیبات و مقامات کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں و خواتین کے اغوا و زیادتی کے کیسز کی سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ کے ذریعے کی جائے، آئی جی پنجاب نے ایس ڈی پی اوز کی زیر نگرانی انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سویپ آپریشن کرنے کی ہدایت بھی کی ۔

ایڈیشنل آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، ڈی آئی جی آپریشنز، اے آئی جی آپریشنز سمیت متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔