پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کا ای سی سی کے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف میں اضافہ پراظہار تشویش

154
پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کا ای سی سی کے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف میں اضافہ پراظہار تشویش

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹیکسٹائل کونسل (پی ٹی سی)نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کے کیپٹو پاور پلانٹس (سی پی پیز)کے لیے گیس ٹیرف میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اضافہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے پیداواری اخراجات اور عالمی مسابقت کے حوالہ سے مشکلات کا سبب بنے گا۔

پی ٹی سی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی ٹی سی پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں 30 فیصد کی شراکتدار ہےجبکہ ٹیکسٹائل سیکٹر مجموعی ملکی برآمدات میں 60 فیصد سے زیادہ کا حصہ دار ہے جو لاکھوں افراد کو براہ راست اور بالواسطہ روزگار فراہم کرتا ہے۔ پی ٹی سی نے کہا ہے کہ توانائی کے اخراجات میں اضافہ عالمی منڈیوں میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات کی مسابقت کو شدید متاثر کرے گا۔

پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کے چیئرمین فواد انور نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری نہ صرف ایک معاشی ستون ہے بلکہ ملک کے لیے روزگار اور ترقی کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف میں اضافے کو واپس لیا جائے،

آر ایل این جی کی سپلائی کے تسلسل کو مناسب قیمتوں کے ساتھ یقینی بنایا جائے، یو ایف جی کو متوازن کیا جائے، کراس سبسڈی ختم کی جائے اور عالمی مسابقتی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع طویل المدتی صنعتی توانائی پالیسی (پاور – پیٹرولیم – گیس) تیار کی جائے۔