اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے 7ماہ میں سالانہ بنیادوں پر31.7فیصدکانمایاں اضافہ ہواہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لے کرجنوری 2025کے دوران سمندر پار پاکستانیوں نے 20.8ارب ڈالرزرمبادلہ ملک ارسال کیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 31.7فیصدزیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 15.8ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔جنوری 2025ء کے دوران کارکنوں کی ترسیلاتِ زر میں 3.0 ارب ڈالر کی آمد درج کی گئی جس سے سال بہ سال 25.2 فیصد اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔جنوری 2025ء کے دوران ترسیلاتِ زر زیادہ تر سعودی عرب (728.3 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (621.7 ملین ڈالر)، برطانیہ (443.6ملین ڈالر) اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ (298.5 ملین ڈالر) سے آئیں۔