پاکستانی تاجر برآمدات بڑھانے کیلئے اومان کو بطور گیٹ وے استعمال کریں،میاں کاشف

157
Mian Kashif Ashfaq
Mian Kashif Ashfaq

لاہور۔16فروری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے پاکستانی بزنس کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ وہ برآمدات کو بڑھانے اور مشرق وسطی کی مارکیٹ میں جگہ بنانے کے لیے اومان کو بطور گیٹ وے استعمال کریں۔

اتوار کو اومان سے یہاں موصول ہونے والے ایک پیغام کے مطابق ایکسپو میں شرکت کرنے والے نمائش کنندگان اور تاجروں کے اعزاز میں پاکستانی سفیر نوید صفدر بخاری کی طرف سے دیئے گئے ایک عظیم الشان استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے میاںکاشف اشفاق نے کہا کہ اومان کا جغرافیائی محل وقوع اور کاروبار دوست پالیسیاں پاکستانی برآمد کنندگان کے لئے سنہری مواقع پیش کرتی ہیں، اومان کی بندرگاہیں اور لاجسٹک انفراسٹرکچر مشرق وسطی اور دیگر مارکیٹوں تک رسائی کے لیے بہت زیادہ معاون ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے پاکستانی کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ مشرق وسطی کی مارکیٹوں کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے جدت ، معیار اور مسابقتی قیمتوں پر توجہ دیں۔ انہوں نے مضبوط تجارتی تعلقات قائم کرنے اور بزنس میں آسانی کے لیے دوطرفہ معاہدوں کا فائدہ اٹھانے پر بھی زور دیا۔

قبل ازیں استقبالیہ خطاب میں پاکستانی سفیر نوید صفدر بخاری نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات، خاص طور پر فرنیچر کے شعبے میں یہاں بہت زیادہ مواقع موجود ہیں کیونکہ یہاں اعلی معیار کے کم قیمت فرنیچر کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانے کا عملہ ایک کال یا ای میل پر تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اومان غیر ملکی کمپنیوں، خاص طور پر پاکستان کو بے مثال کاروباری مواقع اور مراعاتی پیکج پیش کرتا ہے۔ انہوں نے پاک اومان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے ضمن میں پاکستانی وفد کے سربراہ میاں کاشف اشفاق کی کاوشوں کو سراہا۔