پولیس افسران کے تحفظات دور کرنے کے لیے اجلاس ، انعام اور احتساب کا عمل اداروں کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے جاری رہے گا، محمد جواد طارق

120

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):اسلام آباد پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی)محمد جواد طارق نے پولیس افسران کے تحفظات دور کرنے کے لیے ایک آرڈرلی روم اجلاس کی صدارت کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ انعام اور احتساب کا عمل اداروں کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے جاری رہے گا۔پولیس حکام نے بتایا کہ ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے بتایا کہ غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو ایوارڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا جبکہ توقعات پر پورا نہ اترنے والوں کو محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عوامی خدمات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور صرف وہی لوگ ہماری ٹیم کا حصہ رہیں گے جو کارکردگی دکھاتے ہیں۔

سیشن کے دوران افسران نے مختلف محکمانہ اور ذاتی خدشات کا اظہار کیا جن میں ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے مسائل بھی شامل ہیں۔ فوری معاملات کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں جبکہ زیر التوا کیسز کو مزید کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کو بھجوا دیا گیا۔ڈی آئی جی نے پولیس اہلکاروں کے لیے کئی فلاحی اقدامات پر روشنی ڈالی جن میں بہتر رہائش، طبی سہولیات اور تعلیمی مواقع شامل ہیں۔انہوں نے افسران کو یقین دلایا کہ کہ میرے دفتر کا دروازہ ہمیشہ آپ کے لیے کھلا ہے۔ اگر آپ کو کوئی مسئلہ درپیش ہے تو مجھ سے رابطہ کرنے میں دیر نہ کریں، ہمیں اس شہر کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ آرڈرلی روم کا مقصد پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینا، ان کے خدشات کو مؤثر طریقے سے دور کرنا اور دارالحکومت میں بہتر پولیسنگ کو یقینی بنانے کے لیے ان کے حوصلے کو بڑھانا ہے۔