بجٹ کی تیاری میں بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لیا جائے،سینئر نائب صدر فیصل آباد چیمبر

105

فیصل آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری میں بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لینے کی اپیل کی ہے۔چوتھی آل پاکستان پریزیڈنٹس چیمبر ز آف کامرس اینڈانڈسٹریز کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں (جس میں ملک بھر کے تاجر رہنماؤں کے علاوہ سرکردہ چیمبرز کے صدور اور دیگر عہدیداروں نے بھی شرکت کی )انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کےلئے بزنس کمیونٹی سے بامعنی گفت و شنید کی جائے تاکہ ان کی مشاورت اور تجاویز کی روشنی میں بجٹ دستاویز کو مؤثر اور فعال بنایا جا سکے۔

قیصر شمس گچھا نے کہا کہ مینو فیکچررز اپنی ضروریات کے بعد فالتو یارن سستے نرخوں پر مارکیٹ میں فروخت کر رہے ہیں جس سے مارکیٹ میں غیر مسابقتی قوتیں فائدہ اٹھا رہی ہیں لہٰذا اس سلسلے میں فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت بجلی کی قیمت 9سینٹ تک لانے کےلئے کوشاں ہے جس سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور برآمدات بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے مارک اپ کو بھی سنگل ڈیجٹ میں لانے کی اپیل کی کیونکہ اس سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہیں کھلیں گی اور برآمدات کے اہداف کو بآسانی حاصل کیا جا سکے گا۔