آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میلہ سجنے کو تیار،پہلا جوڑ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پڑے گا

لاہور۔18فروری (اے پی پی):انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں، کل بدھ کو پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میلہ سجنے کو تیارہے ،پہلا جوڑ کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پڑے گا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق پاکستان ائیر فورس شیر دل شو کا شاندار فضائی مظاہرہ کرے گی۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت قذافی سٹیڈیم میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں …

لاہور۔18فروری (اے پی پی):انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں، کل بدھ کو پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میلہ سجنے کو تیارہے ،پہلا جوڑ کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پڑے گا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق پاکستان ائیر فورس شیر دل شو کا شاندار فضائی مظاہرہ کرے گی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت قذافی سٹیڈیم میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ 29 برس بعد آئی سی سی ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کے لئے باعث افتخار ہے،پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے لئے پوری طرح تیار ہے۔انہوں نے انتظامیہ کو تمام تر انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں شریک تمام ٹیموں کو بین الاقوامی معیار کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی،سٹیڈیمز میں شائقین کرکٹ کیلئے ہر ممکن سہولتیں دستیاب ہوں گی،چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد یقینی بنا کر پاکستان کی عزت بڑھائیں گے۔ایڈوائزر عامر میر،چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد،ڈائریکٹر سیکیورٹی،ڈائریکٹر انفراسٹرکچر،ڈائریکٹر ایچ آر و ایڈمن،ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن،ہیڈ آف آئی ٹی،ہیڈ آف ویمنز ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔