بینکنگ کا شعبہ تیزی سے ترقی کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،سینئر نائب صدر چیمبر آف کامرس

134
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry

فیصل آباد۔ 19 فروری (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے کہا ہے کہ بینکنگ کا شعبہ تیزی سے ترقی کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ وہ الائیڈ بینک لمیٹڈ کے ریجنل منیجر فہد اورمحمدمحسن طفیل تارڑنائب صدراینڈبرانچ منیجرفیصل آبادسے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چیمبر کا دورہ کیا۔ قیصر شمس گچھا نے کہاکہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ الائیڈ بینک مکمل طور پر پاکستانی بینک ہے جس کی وجہ سے مختلف شعبوں میں ترقی کی رفتار تیزہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے فنانسنگ آسان ہو گئی ہے جس سے صنعت و تجارت اور کاروباری سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ملک میں ہونے والے مقامی نوعیت کے ایونٹس کو سپانسر کرنے پر الائیڈ بینک کی فراخدلانہ کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس سے عالمی اور قومی سطح پر پاکستان کے عزت و وقار میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ چیمبر اور الائیڈ بینک ملکر تعاون کی نئی راہیں تلاش کریں گے جس سے دونوں اداروں کو فائدہ ہوگا۔

دریں اثنا المیزان انویسٹمنٹ کے کنٹری ہیڈ طلحہ انور نے بھی فیصل آباد چیمبر کا دورہ کیا اور سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا سے دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ طلحہ انور نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلہ میں فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کو مبارکباد پیش کی اور یقین دلایا کہ وہ ان تقریبات کو کامیاب بنانے میں چیمبر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔