اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):ملک میں نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں جنوری 2025 کے دوران سالانہ بنیادوں پر 15.9 فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2025 میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 9683 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 15.9 فیصد زیادہ ہے ۔گزشتہ سال جنوری میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کر دہ قرضہ جات کاحجم 8351 ارب روپے تھا ۔
دسمبر کےمقابلہ میں جنوری میں نجی شعبےکو فراہم کردہ قرضہ جات میں ماہانہ بنیادوں پر 8.5 فیصد کی کمی ہوئی ۔ دسمبر میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کر دہ قرضہ جات کاحجم 10582 ارب روپے ریکارڈکیا گیا تھا جو جنوری میں کم ہو کر 9683 ارب روپے ہو گیا۔ اعدادوشمار کے مطابق جنوری میں نجی شعبہ کےکاروبار کو فراہم کردہ قرضوں کاحجم 8478 ارب روپے جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 17.5 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ سال جنوری میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضہ جات کاحجم 7213 ارب روپے ریکارڈکیاگیا تھا۔ دسمبر کےمقابلہ میں جنوری میں نجی شعبہ کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضہ جات میں ماہانہ بنیادوں پر 9.2 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ دسمبر میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کر دہ مجموعی قرضہ جات کاحجم 9333 ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔