مانسہرہ، پولیس لائنز میں ڈے کیئر سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا

75

مانسہرہ۔ 19 فروری (اے پی پی):ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے پولیس لائنز میں ڈے کیئر سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے مانسہرہ پولیس لائنز میں لیڈیز پولیس اور پولیس کواٹرز میں رہائش پزیر کانسٹیبلز کے بچوں کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ ڈے کیئر سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایس پی سٹی ریشم جہانگیر، ڈائریکٹر پولیس ٹریننگ سکول مانسہرہ نیاز گل خان، ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر ارشد خان اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

ڈے کیئر سنٹر کے قیام کا مقصد لیڈی پولیس اہلکاروں کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کی دیکھ بھال بھی بہتر انداز میں کر سکیں۔ اس سنٹر میں بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کے لئے مختلف سرگرمیاں رکھی گئی ہیں جن میں تعلیمی، تخلیقی اور تفریحی کھیل شامل ہیں، تاکہ بچے ایک محفوظ اور آرام دہ ماحول میں پروان چڑھ سکیں۔ اس موقع پر ڈی پی او مانسہرہ نے کہا کہ پولیس فورس کی خواتین اہلکاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لئے ایسے مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ ڈی پی او مانسہرہ نے اس موقع پر پولیس لائنز کے دیگر شعبوں کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس میس، ریجمنٹل شاپ، باربر شاپ اور تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اہلکاروں کی سہولت کے لئے مزید بہتری لائی جائے اور تعمیراتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔