اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعرات کو یو این ڈی پی کے نمائندہ پاکستان ڈاکٹر سیمو نل رزک اور ان کی ٹیم کے ساتھ فالو اپ میٹنگ کی۔ اجلاس میں پراجیکٹس کے نفاذ کے طریقہ کار کو متنوع بنانا اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے مطابق اقدامات کا پورٹ فولیو تیار کرنا تھا۔ دونوں فریقوں نے پاکستان کی معاشی اور ترقیاتی منصوبہ بندی میں ایس ڈی جیز پر مبنی حکمت عملیوں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یو این ڈی پی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سیکٹر کے لئے ورکشاپس منعقد کرنے کے منصوبے سے آگاہ کیا تاکہ سٹیک ہولڈرز کے درمیان قابلِ عمل منصوبوں پر اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکے۔ ان کوششوں کو مزید آگے بڑھانے کے لئے وزیر خزانہ نے وزارت موسمیاتی تبدیلی اور وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے ساتھ جلد از جلد ایک مشترکہ میٹنگ منعقد کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ باہمی تعاون کے مواقع تلاش کئے جا سکیں اور ایس ڈی جی پر مرکوز منصوبوں کی نشاندہی کی جا سکے۔
وزیر خزانہ نے حکومت کی یو این ڈی پی اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستان میں پائیدار اور جامع معاشی ترقی کو فروغ دینے کے عزم کی دوبارہ تصدیق کی۔ معاشی امور ڈویژن کے سیکرٹری، موسمیاتی تبدیلی کے سیکرٹری، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے نمائندے اور خزانہ ڈویژن کے سینئر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔