راولپنڈی۔27فروری (اے پی پی):آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق گروپ اے میں شامل پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونا تھا تاہم دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا اور ایک گیند کا کھیل بھی ممکن نہ ہو سکا۔
میچ کا ٹاس مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے ہونا تھا، امپائرز مسلسل فیلڈ کا جائزہ لیتے رہے اور بارش کے نہ تھمنے پر انہوں نے میچ منسوخی کا اعلان کر دیا، یوں دونوں ٹیموں کو ایک ، ایک دے دیا گیا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں اپنے دونوں میچز ہار کر ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔
دونوں ٹیموں کو بھارت اور نیوزی لینڈ نے شکست دی تھی۔ دفاعی چیمپیئن پاکستان نے گروپ اے میں ایک پوائنٹ کے ساتھ آخری پوزیشن حاصل کی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کا میچ بھی بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567115