ہمارا ہدف ڈیٹا اور ثبوت پر مبنی ایسا سپورٹس سسٹم بنانا ہے جو بین الاقوامی معیار پر پورا اتر سکے،جاوید مغل
ہمارا ہدف ڈیٹا اور ثبوت پر مبنی ایسا سپورٹس سسٹم بنانا ہے جو بین الاقوامی معیار پر پورا اتر سکے،جاوید مغل

مزید خبریں
لاہور۔12اگست (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن جاوید مغل نے کہا ہے کہ ہمارا ہدف ڈیٹا اور ثبوت پر مبنی ایسا سپورٹس سسٹم بنانا ہے جو بین الاقوامی معیار پر پورا اتر سکے۔ سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ضرورت صرف کھلاڑیوں کو درست سمت دکھانے کی ہے۔
جاوید مغل نے بتایا کہ کھلاڑیوں کی بیس لائن ٹیسٹنگ کی گئی ہے اور فٹنس میں بہتری لانے پر کام جاری ہے۔ فٹنس کا قابلِ پیمائش ہونا لازمی ہے، اس سے کھلاڑی کی پروگریس کو بہتر انداز میں جانچا جا سکتا ہے۔ قومی کھلاڑیوں کی ٹیسٹنگ بیٹری میں 24 مختلف ٹیسٹ متعارف کروائے گئے ہیں، جن میں 39 فٹنس مارکرز شامل ہیں جبکہ انڈر 15 سے قومی ٹیم تک فٹنس ٹیسٹس کو درجاتی طریقے سے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو آتے ہی فیل اور پاس کی بنیاد پر جانچنے کے بجائے ایسی ٹیسٹنگ کی گئی جس سے ان کی موجودہ فٹنس کا معیار معلوم کیا جا سکے۔ ریڈ بال اور وائٹ بال کیمپس میں فٹنس ٹیسٹ لینے کے بعد ہر کھلاڑی سے علیحدہ میٹنگ بھی کی گئی۔ کھلاڑیوں کی فٹنس ہر چار ماہ بعد چیک کی جائے گی جبکہ انہیں فٹنس کے مختلف پہلوں پر تعلیم بھی دی جا رہی ہے۔
جاوید مغل کے مطابق کھلاڑیوں کی فٹنس کا تمام ریکارڈ ایتھلیٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے محفوظ کیا جاتا ہے۔ سیزن اور آف سیزن کے لیے دو مختلف فٹنس روٹینز بھی تیار کی گئی ہیں تاکہ کھلاڑیوں کی ضروریات کے مطابق ٹریننگ کا عمل جاری رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے تمام سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچز کی قابلیت اور مہارت بڑھانے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ کوچز کو سپورٹس سائنس اور ایکسرسائز کا ڈپلومہ بھی کروایا جائے گا تاکہ پاکستان میں سپورٹس سائنس کے شعبے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن نے مزید بتایا کہ پی سی بی سپورٹس میڈیکل ایسوسی ایشن بنانے کا بھی عزم کیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان کے تمام سپورٹس سائنس پروفیشنلز کی ہر دو ماہ بعد میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد ملک میں سپورٹس میڈیسن اور سپورٹس سائنس کے ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر کھیلوں کے نظام کو جدید اور سائنسی بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔







